ہانگژو : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔چین کے شہر ہانگژو میں بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع رکھتا ہے، جن سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت چین کی ترقی اور کامیابی کی روشن مثال ہے۔ چین کے تجربات سے رہنمائی لے کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے چین کے سرمایہ کاروں کو زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت، خصوصی اقتصادی زونز اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو ریڈ کارپٹ اور ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ پاکستان اور چین کو معاشی تعاون کے نئے سنگ میل تیزی سے حاصل کرنا ہوں گے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین ہر سال 100 ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان اعلی معیار کی زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ہانگژو میں منعقدہ پاکستان۔چین آئی سی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن اور زرعی بی ٹو بی کانفرنس دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون، جدید ٹیکنالوجی اور مشترکہ ترقی کی عکاس ہے۔ کانفرنس میں چین کی 463 اور پاکستان کی 200 کمپنیوں نے شرکت کی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے ہانگژو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم اور زراعت کے شعبوں کے حوالے سے منعقدہ پاکستان چائنہ بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کی اور وہاں خطاب کیا۔کانفرنس میں پاکستانی و چینی کمپنیوں کے مابین تعاون و سرمایہ کاری کے معاہدوں و مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط و تبادلے بھی ہوں گے۔
وزیرِ اعظم کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم ہانگژو میں معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیرِ اعظم علی بابا کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے، دورے کے دوران علی بابا اور حکومت پاکستان کے مابین ہونے والے تعاون کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے، بعد ازاں وزیرِ اعظم ہانگژو سے اپنا دورہ مکمل کرکے بیجنگ روانہ ہوں گے۔

