ڈیرہ غازی خان/راولپنڈی/پشاور :ڈیرہ غازی خان میں کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ان کے متعدد ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ ڈیرہ غازی خان کے سرحدی گائوں جوتر کے قریب تقریباً پندرہ دہشت گرد موجود ہیں جو پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے ہیں۔
اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے علاقے میں کارروائی کی۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکار جب مشتبہ مقام پر پہنچے تو وہاں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ سی ٹی ڈی ٹیم نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اس دوران چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ گیارہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے رائفلیں، گولیاں، دھماکا خیز مواد اور دیگر بارودی سامان بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق دہشت گرد سیکیورٹی اداروں اور پولیس پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء جنوبی وزیرستان میں آپریشن غضب للحق جاری ہے جس میں پاک فوج نے جنوبی وزیرستان سے ملحقہ افغان طالبان کی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
افغان طالبان کی اس پوسٹ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج افغان طالبان کے ٹھکانوں اور فوجی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔
دوسری جانببنوں کے علاقے میں واقع تھانہ ہوید کی حدود میں پولیس چوکی مزنگہ پر فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ پولیس، سیکورٹی فورسز اور مقامی عوام کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لے کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے جبکہ پولیس کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
گزشتہ رات تقریباً ساڑھے 12 بجے 30 سے 35 دہشت گردوں نے ٹوچی دریا کے قریب واقع دور افتادہ پولیس چوکی مزنگہ پر متعدد سمتوں سے بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں پولیس لائنز سے تازہ دم دستے روانہ کیے گئے جبکہ چوکی فاتح خیل، سردی خیل اور جانی خیل سے بھی سیکورٹی فورسز کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے شدید مقابلے میں دہشت گردوں کے قدم اکھڑ گئے اور وہ اپنے زخمی ساتھیوں کو موٹر سائیکلوں پر لاد کر فرار ہوگئے۔

