کوہاٹ کے نواحی علاقے شکر درہ روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہو گئے۔
ڈی پی او کے مطابق دہشت گرد حملے میں ڈی ایس پی اسد محمود سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے ہیں جبکہ حملے کی زد میں آ کر 1 راہ گیر بھی شہید ہو گیا۔ ڈی پی او نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو آگ بھی لگا دی۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ 3 زخمی پولیس اہلکاروں اور ایک زخمی شہری کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔
انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی اسد محمود اور 3 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید ڈی ایس پی اسد محمود اور شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔

