ورلڈ بینک کا پاکستان کیلئے 20ارب ڈالر کے ترقیاتی تعاون کا اعادہ

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اتوار کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کی سالانہ علولہ کانفرنس کے موقع پر ورلڈ بینک گروپ کی مینجنگ ڈائریکٹر اینا بیجیرڈے سے ملاقات کی۔ یہاں موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران گزشتہ ہفتے ورلڈ بینک کے صدر کے پاکستان دورے پر عمل درآمد کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

گفتگو میں توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی لچک، ترقیاتی ترجیحات، مالی اصلاحات اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت متعدد ترجیحی شعبوں کا احاطہ کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ واضح کارکردگی کے ٹریکرز متعارف کرائے جائیں اور وابستگیوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے زیادہ مضبوط اور موثر عمل درآمد کے طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے۔

اینا بیجیرڈے نے پاکستان کے دس سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے ورلڈ بینک گروپ کے 20 ارب امریکی ڈالر کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور ملک میں اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے بینک کی جاری حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے مسلسل تعاون اور موثر عمل درآمد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک گروپ کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کو دوہرایا اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کے کردار اور تعاون پر بھی زور دیا تاکہ پروگرام کے تحت بہتر کوآرڈینیشن، بروقت عمل درآمد اور نتائج کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کی علولہ کانفرنس، جو 2025ء میں شروع کی گئی تھی، میں دنیا بھر کے وزرائے خزانہ، مرکزی بینک کے گورنرز، سینئر پالیسی سازوں، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے رہنماؤں اور معروف ماہرین کو جمع کرتی ہے تاکہ ابھرتی ہوئی مارکیٹ معیشتوں کو درپیش کلیدی معاشی چیلنجز اور مواقع پر غور و خوض کیا جا سکے۔