واشنگٹن نے ایران میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں امریکی ورچوئل ایمبیسی نے اس حوالے سے باضابطہ انتباہ جاری کیا ہے۔
ورچوئل ایمبیسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری امریکی حکومت کی براہِ راست مدد پر انحصار کیے بغیر اپنی روانگی کا انتظام کریں، کیونکہ پروازوں کی منسوخی یا تعطل کسی بھی وقت پیش آ سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر ایران چھوڑنا ممکن نہ ہو تو امریکی شہری اپنے گھروں یا کسی محفوظ عمارت میں قیام کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کا مناسب ذخیرہ اپنے پاس رکھیں۔
امریکی ورچوئل ایمبیسی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اگر حالات اجازت دیں تو امریکی شہری زمینی راستے کے ذریعے آرمینیا یا ترکیہ جانے پر غور کریں، تاہم ہر شہری اپنی ذاتی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے۔امریکی حکام کے مطابق یہ انتباہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر جاری کیا گیا ہے۔

