معاشی میدان میں اہم پیشرفت،ورلڈ بینک کے صدرپاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد:ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق عالمی بینک کے صدر اجے بنگا4فروری تک پاکستان میں قیام کریں گے جس کے دوران وہ اعلیٰ سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورے کے دوران معاشی اصلاحات، بھارت کے ساتھ جاری آبی تنازع پر بات چیت متوقع ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اجے بنگا کی وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے علاوہ توانائی و اقتصادی امور کے حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا کو پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات سے آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عالمی بینک کے ساتھ10سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عملدرآمد میں پیشرفت متوقع ہے، عالمی بینک اس فریم ورک کے تحت2035 ء تک پاکستان کو 20 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔