کشمور میں 26 ڈاکوئوں نے ہتھیار ڈال دیے،وزیر داخلہ سندھ

کراچی:وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ کچے میں ریاستی رِٹ مضبوط ہے اور جرائم پیشہ عناصر دبائو اور خوف میں مبتلا ہیں۔

ایک بیان میں ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ کشمور میں26 ڈاکوئوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں اورگزشتہ روز سکھر میں 12 ڈاکو خود کو قانون کے حوالے کرچکے ہیں۔ضیا الحسن لنجارنے کہا کہ جرائم کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچے میں وقت کے ساتھ ساتھ آپریشن مزید تیز اور موثر ہوگا، امن کا راستہ ہم نے دکھا دیا ہے،عمل کروگے تو خوش آمدید کہیں گے۔

وزیر داخلہ سندھ کے مطابق ڈاکوئوں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کو بالآخر ختم ہونا ہے،حکومت سندھ آخری ڈکیت کے خاتمے تک اہداف کا تعاقب جاری رکھے گی۔