اسرائیلی فوج(آئی ڈی ایف)نے پہلی بار غزہ جنگ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 71ہزار تسلیم کرلی ہے۔اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز نے مانا ہے کہ اکتوبر 2023ء سے جاری جنگ کے دوران یہ جانی نقصان ہوا۔
اس سے قبل اسرائیل غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کو ناقابلِ اعتبار قرار دیتا رہا تھا، تاہم اقوام متحدہ ان اعداد و شمار کو قابلِ اعتماد سمجھتا ہے۔آئی ڈی ایف کے مطابق یہ تعداد صرف ان افراد پر مشتمل ہے جو براہِ راست فوجی کارروائی میں مارے گئے، جبکہ ملبے تلے دبے لاپتا افراد، بھوک یا بیماری سے ہونے والی اموات اس میں شامل نہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 71,667فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں سے 90فیصد سے زائد کی شناخت نام اور شناختی نمبرز کے ذریعے ہو چکی ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے باوجود اسرائیلی فورسز نے غزہ میں مزید دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ خان یونس کے مشرقی علاقے میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج سرگرم ہے۔ریڈ کراس نے بتایا کہ اسرائیل سے 15فلسطینیوں کی لاشیں غزہ منتقل کی گئی ہیں، جب کہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل بھی حالیہ دنوں میں مکمل ہوا ہے۔

