بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے 2مختلف آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 41دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 29جنوری 2026ء کو بلوچستان میں 2الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع ہرنائی کے نواحی علاقے میں فتن الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 30 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔فورسز کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع پنجگور میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے بھارتی حمایت یافتہ 11دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ 15دسمبر 2025ء کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے لوٹی گئی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔ دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

