سندھ حکومت کا سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرانے کا اعلان

کراچی :سندھ حکومت نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کرانے کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گل پلازہ واقعے کے بعد سندھ کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی،کمیٹی کو کمشنر کراچی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کی رپورٹ پرفیصلہ کرنا تھا،کمشنر کراچی کی بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ آگئی ہے، یہ بہت تفصیلی رپورٹ ہے اس میں تمام لوگوں کے انٹرویو موجود ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جب یہ واقعہ ہوا تھا اس وقت عمارت میں 2500 سے 2 ہزار لوگ تھے، گل پلازہ کا دو مرتبہ سیفٹی آڈٹ ہوچکا تھا مگر عملدرآمد نہیں ہوا،محکمہ سول ڈیفنس نے گل پلازہ کے 2023 ء سے کئی دورے کیے اور دو نوٹس دیے گئے، سانحے میں 80 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، آگ بجھانے کے عمل کے دوران پانی کی کمی کا سامنا رہا، شہید فائر فائٹر کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جان کا نذرانہ دیا۔