اسلام آباد: پی ٹی آئی اور اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کردیا، بیرسٹر گوہر اور راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ عمران خان کو اسپتال لایا گیا اور پارٹی و اہل خانہ کو بتایا تک نہیں۔
یہ بات اپوزیشن اتحاد اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس میں بیرسٹر گوہر، راجہ ناصر عباس اور سلمان اکرم راجا موجود تھے۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے ہماری آخری ملاقات 20 دسمبر کو ہوئی تھی، آج تک ہمیں ملاقات کرنے کے لئے نہیں کہا گیا، ہم نے پٹیشن بھی دائر کی لیکن ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، ایک نیوز پیپر میں رپورٹ ہوا کہ عمران خان کو اسپتال لایا گیا اور پھر جیل واپس لایا گیا، اس بات سے پارٹی اور فیملی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے کیوں کہ آج تک یہ نہیں بتایا جارہا کہ کس بیماری کی وجہ سے لایا گیا؟ اس عمل کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ لوگ اپنی پاور کے لیے آئین میں تبدیلی کر رہے ہیں، اس سے آپ لوگوں کی عوام کی نظر میں عزت گھٹ رہی ہے، 8 فروری تک ملاقات نہ روکیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آج نہیں تو کل ملاقات کروائی جائے۔

