مدینہ منورہ میں روح پرور منظر، مسجد نبوی کے فن تعمیر کی نمائش

مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کے فنِ تعمیر پر قائم نمائش مسجد کی تاریخی حیثیت، توسیعی مراحل اور ابتدائی تعمیر سے لے کر موجودہ دور تک ہونے والی تعمیرات کا جامع تعارف پیش کرتی ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس نمائش میں مسجد نبوی ﷺ کے ابتدائی خاکے، طرزِ تعمیر اور مختلف ادوار میں ہونے والی توسیعات کو مجسم ماڈلز اور جدید انٹرایکٹو ڈسپلے کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔

نمائش کے انتظامی امور ادارۂ امورِ حرمین کے زیرِ انتظام ہیں، جہاں مسجد نبوی ﷺ سے متعلق تاریخی معلومات، قدیم دستاویزات اور نایاب مخطوطات بھی رکھے گئے ہیں۔

مسجد نبوی ﷺ کے جنوب میں 2200 مربع میٹر رقبے پر قائم اس نمائش کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جو مسجد کی تعمیر کے آغاز اور ارتقائی سفر کو واضح کرتے ہیں۔

نبی اکرم ﷺ کے عہد کی مسجد نبوی ﷺ کا مجسم ماڈل، خلفائے راشدین کے دور کی توسیعات اور سعودی عہد کی تمام تعمیراتی مراحل کو نمایاں کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ کی منفرد تعمیراتی خصوصیات، دیکھ بھال کے اقدامات، نایاب تاریخی تصاویر، قدیم منبر، محراب، مینار اور دیگر آثار بھی نمائش کا حصہ ہیں، جو زائرین کے لیے مسجد نبوی ﷺ سے مذہبی اور تاریخی وابستگی کو مزید گہرا کرتے ہیں۔