اسلام آباد: سعودی عرب، ترکیہ، مصر، اردن، انڈونیشیا، پاکستان، قطر نے غزہ کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے “بورڈ آف پیس” میں شامل ہونے کی دعوتیں قبول کر لی ہیں، ان کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ممالک نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں امن کی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا اور غزہ کے تنازعے کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت ایک عبوری انتظامیہ کے طور پر امن بورڈ کے مشن کے نفاذ کی حمایت کے لیے اپنے ممالک کے عزم کی تصدیق کی۔
قبل ازیںترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرنے کی تصدیق کردی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔
ترکیہ اور بحرین نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ‘بورڈ آف پیس’ میں شرکت کی دعوت قبول کرنے کی تصدیق کردی۔
مسلم ممالک کی جانب سے غزہ بورڈ کے عملی خیر مقدم کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی۔
صدر ٹرمپ کی زیر صدارت ‘بورڈ آف پیس’ کی باضابطہ تقریب جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منعقد ہوگی۔

