پاکستان سمیت دیگر ملکوں کیلئے امریکی امیگرنٹ ویزا سروس 21 جنوری سے معطل ہوگی

پاکستان میں امریکی سفارت خانے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ 21 جنوری سے پاکستان سمیت دیگر ملکوں کے درخواست دہندگان کیلئے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کر رہا ہے۔سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ویزا درخواست گزاروں کی چھان بین اور جانچ پڑتال کے اعلی ترین معیار کو یقینی بناتے ہوئے امریکی عوام کے تحفظ پر توجہ دی جارہی ہے۔

سفارت خانے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امیگرنٹ ویزا سروس معطل کرنے کا فیصلہ نافذ کر دیا ہے۔یہ سروس تب تک معطل رہے گی جب تک امریکا اس امر کو یقینی نہ بنا لے کہ امریکی امیگریشن کے نئے درخواست گزار چھان بین کے مکمل عمل سے گزر چکے ہیں اور امریکی امیگرنٹ ویزا کیلئے اپنی اہلیت ثابت کر چکے ہیں۔

اس میں یہ بات یقینی بنانا بھی شامل ہے کہ امیگریشن کی درخواست دینے والے امریکا آکر امریکا کی سرکاری مالی معاونت پر انحصار نہیں کریں گے۔امریکی سفارت خانے نے واضح کیا کہ یہ اقدام صرف امیگرنٹ ویزا کیلئے کیاگیا ہے، نان امیگرنٹ ویزا کی درخواستوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔سیاحوں، طالب علموں، کھلاڑیوں، ہنر مند افرادی قوت اور ان کے اہل خانہ کیلئے ویزوں کا اجرا جاری رہے گا۔