اسلام آباد:سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ جس طرح سندھ نے کارکردگی دکھائی دیگر صوبے بھی دکھائیں، بدقسمتی سے سیاست کا معیار ایک دوسرے پر تنقید تک رہ گیا ہے۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سائبرنائف سے علاج مفت فراہم کررہی ہے،سندھ حکومت دنیا میں واحد ہے جو سائبر نائف سے مفت علاج فراہم کررہی ہے۔
بلاول بھٹو نے بتایا سائبر نائف کے ذریعے محض 11 ممالک میں علاج ہوتا ہے، دنیا میں سائبر نائف کے ذریعے لاکھ لاکھ ڈالرز سے علاج ہوتا ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ سال 29 لاکھ افراد کے مفت علاج کیے گئے۔
این آئی سی وی ڈی میں سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے 56 فیصد مریض دل کے امراض کا علاج کراتے ہیں،2022 ء میں آنے والے سیلاب سے سندھ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، ہم 21 لاکھ گھر بنانے جا رہے ہیں، ہم کروڑوں لوگوں کو مفت گھر بنا کر دے رہے ہیں، یہ ریکارڈ ہے، کم مدت میں مینگروز کے درخت لگائے گئے، دو بار گنیز ریکارڈ قائم ہوا۔
سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تھر کے انفرا اسٹرکچر کے لیے ایک ارب ڈالر خرچ کرچکی ہے، تھر کے کوئلے سے بننے والی بجلی پورے ملک کو فراہم کی جا رہی ہے، ماہرین کے مطابق ملک میں سستی ترین بجلی کوئلے سے بنائی جاسکتی ہے، تھر میں کوئلے کے سب سے زیادہ ذخائر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ بزنس کمیونٹی سندھ حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہے، شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اسٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ ہے۔
پاکستان میں انویسٹرز بھی آرہے ہیں اور سرمایہ کاری بھی ہورہی ہے، منفی سوچ کے ساتھ ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،2024 ء میں وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ وژن کے بارے میں آگاہ کیا تھا، ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیاکو معلوم ہوکہ پاکستان میں کیا کیا مواقع موجود ہیں۔

