دہشتگردحملے، جے یوآئی رہنما،سی ٹی ڈی اہلکار شہید(فورسزکارروائیوں میں11خوارج ہلاک)

راولپنڈی/اسلام آبا/وانا/باجوڑ:جنوبی وزیرستان میں خارجی دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے مولانا حافظ سلطان محمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔خارجی دہشت گردوں نے مولانا حافظ سلطان محمد اور ان کی بیٹی کو وانا میں نشانہ بنایا۔

پولیس نے بتایا کہ وفاق المدارس العربیہ کے ضلعی صدر مولانا سلطان محمد وزیر کو نشانہ بنانے کے لیے ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ دھماکا خیز ڈیوائس (آئی ای ڈی) کو ایک دینی مدرسے کے قریب نصب کیا گیا تھا۔انہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ڈیرہ اسماعیل خان لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

جنوبی وزیرستان (لوئر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد طاہر شاہ وزیر نے تصدیق کی کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ داروں کا سراغ لگانے کے لیے جائے وقوعہ سے جمع کیے گئے شواہد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جنوبی وزیرستان (لوئر) میں ہونے والے بم دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام کے مخلص اور جری رہنما مولانا سلطان محمد کی شہادت پر گہرا دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

ایکس پر جاری بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یہ واقعہ محض ایک فرد پر حملہ نہیں بلکہ اعتدال پسند، پرامن اور جمہوری فکر پر حملہ ہے جس کی علمبردار جمعیت علماء اسلام ایک صدی پر محیط جدوجہد کر رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی شہادت قبول فرمائے۔امیر جے یو آئی نے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ دار ملزمان کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مسلسل بڑھتی دہشت گردی انتہائی افسوسناک ہے اور ریاست شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

دریں اثناء باجوڑکی تحصیل ماموند میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی اہلکار سیپورشہید ہوگئے ۔فائرنگ کا واقعہ تحصیل ماموند کے علاقے مینہ میںپیش آیا۔پولیس ذرائع کے مطابق باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید سی ٹی ڈی اہلکار کی شناخت سیپور سکنہ مینہ سے ہوئی ہے۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ادھرباجوڑ میں وزیرِ مملکت مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیاجس سے گھرکی دیواروں کو نقصان پہنچا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق باجوڑمیں وزیرِمملکت مبارک زیب خان کے گھرپردستی بم سے حملہ ہواتاہم خوش قسمتی سے حملے میںکوئی جانی نقصان نہیں ہوا،گھر کی دیواروں کو نقصان پہنچا،حملہ رات گئے کیا گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور دستی بم پھینک کرفرار ہوگئے،حملے کے نتیجے میں قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

علاوہ ازیںخیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں11خوارج ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے جب کہ ضلع کرم میں پولیس اور سیکورٹی فورسزکی مشترکہ کارروائی میں 5 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اورگولہ بارود برآمد ہوا ہے جب کہ خوارج دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کی کلیئرنس کارروائیاں اور مزید خوارج کی تلاش جاری ہے،عزمِ استحکام کے تحت انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری ہے، غیرملکی سرپرست یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دریں اثناء صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ نے خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران و جوانوں کی پذیرائی کی۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، قوم کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کے پی میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران و جوانوں کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان، پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف برسر پیکار ہیں، ہمارے بہادر و فرض شناس افسران و جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشنز پر سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے سیکورٹی فورسز پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں فتنہ الخوارج کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، قوم کی حمایت سے خارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔