عوام کی رائے نہ مانی گئی تو لاوا پھٹے گا، حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا ، حافظ نعیم

لاہور : امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ٹرمپ نئے نوآبادیاتی نظام کے قیام کے لیے کام کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو عالمی عدالت انصاف کا مجرم ہے، پاکستان کے حکمران ٹرمپ کے آشیرباد کے حصول کے لیے بیتاب رہتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کی رائے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا تو لاوا پھٹ جائے گا، عوام بپھر گئے تو حکمرانوں کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون جمہوریت دشمن ہے، دنیا میں تیل کی قیمتیں کم اور ہمارے ہاں اضافہ ہو رہا ہے، ظلم کے نظام اور گلے سڑے عدالتی نظام کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی تمام مسالک کی تکریم کرتی ہے لیکن کسی مسلک کی نمائندہ نہیں، جماعت اسلامی اس حوالے سے 15 جنوری کو ریفرنڈم کروائے گی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ طاقتور طبقہ غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنا چھوڑ دے۔
منصورہ لاہور میں تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ طاقتوروں سے کہتا ہوں عوام کا راستہ بند نہ کرو، جماعت اسلامی عوامی رائے کی طاقت سے ملک میں انقلاب برپا کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ رشوت، ظلم اور جھوٹ کو فروغ دینے والے نظام پر قابض ہیں، قابض اشرافیہ نے عوام کو تعلیم، صحت، انصاف سے محروم کررکھا ہے، کسی کو آرٹی ایس بٹھا کر لانے اور فارم سنتالیس جیسے طریقے ترک کیے جائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں نوجوان نسل منشیات کا شکار ہورہی ہے، جماعت اسلامی نے نوجوانوں کیلئے زی کنیکٹ پروگرم شروع کیا ہے، حکمران طبقہ نئی نسل سے خوفزدہ ہے۔