امریکی کارروائی کے دوران کیوبا اور وینزویلا کے سینئر فوجی افسران ہلاک ہوئے، فہرست جاری

وینزویلا اورکیوبا نے امریکی کارروائی میں ہلاک 55 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کردیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  کیوبا اور وینزویلا نے گزشتہ ہفتے امریکی حملے میں ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کیوبا کی حکومت نے اپنے  32 اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں جو کراکس میں فوجی کارروائی میں مارے گئے جبکہ وینزویلا کی فوج نے بھی اپنے 23 اہلکاروں کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے۔

کیوبا ڈیبیٹ میں شائع ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 21 اہلکار وزارت داخلہ کے تھے، جن میں 3 اعلیٰ افسران (دو کرنل اور ایک لیفٹیننٹ کرنل) شامل تھے، جبکہ باقی انقلابی مسلح افواج کے ارکان تھے، جن میں زیادہ تر فوجی تھے۔

دوسری جانب وینزویلا کی فوج نے 23 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے نوٹس شائع کیے جن میں 5 ایڈمرل، مختلف رینک کے 16 سارجنٹس اور  2 فوجی شامل ہیں۔

مزیدبراں امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ وینزویلافوجی کارروائی میں تقریباً 75 افراد ہلاک ہوئے، ہلاکتیں کراکس میں مادورو کے کمپاؤنڈ پر شدید فائرنگ اور لڑائی کے دوران ہوئیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کو وینزویلا پر حملہ کیا اور امریکی ڈیلٹا فورس وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو ان کے صدارتی محل سے اٹھا کر لے گئی تھی۔

امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مادورو اور ان کی بیوی کو ان کے بیڈ روم سے پکڑ کر نیویارک لایا گیا، امریکا میں ان کے خلاف منشیات اور دہشتگردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلے گا ۔