مادورو کیخلاف کارروائی کیلئے تقریباً 200 امریکی فوجی کراکس میں داخل ہوئے، سربراہ پینٹاگون

پینٹاگون کے سربراہ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ بائیں بازو کے رہنما نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کی کارروائی کے لیے تقریباً 200 امریکی فوجی اہلکار وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں داخل ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی افواج نے ہفتے کے آخر میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا تھا جس سے بائیں بازو کے رہنما کی 12 سالہ حکمرانی کا خاتمہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ ان پر واشنگٹن نے منشیات کا کارٹل چلانے کا الزام لگایا اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50 ملین ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔
ہیگستھ نے ورجینیا میں امریکی ملاحوں اور جہاز سازوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک تقریر میں کہا، “ہمارے تقریباً 200 عظیم ترین امریکی کراکس کے مرکز میں داخل ہوئے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے ایک بھی امریکی کو ہلاک کیے بغیر امریکی محکمہ انصاف کو مطلوب فرد کو گرفتار کر لیا۔”
یہ اولین موقع تھا جب کسی امریکی اہلکار نے ایک حیرت انگیز کارروائی میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کراکس میں داخل ہونے والی امریکی افواج کے اعداد و شمار فراہم کیے۔
اس کارروائی میں 150 سے زیادہ فوجی طیارے بھی شامل تھے جنہیں وینزویلا کے دفاعی نظام کو نشانہ بنانے سمیت مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں۔