معیشت ڈنڈے کے زور پرنہیںچلارہے،وزیرخزانہ(پاسکوکی بندش کا اعلان)

لاہور:وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت ڈنڈے کے زور پر نہیں چلائی جارہی بلکہ حکومت ملک چلانے کے لیے مثبت اقدامات کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو نے 9 دسمبر کو لاہور میں تاجر برادری سے گفتگو میں کہا تھا کہ ملکی معیشت ڈنڈے کے زور پر نہیں چل سکتی، پیار سے چلتی ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ہفتے کے روز لاہور میں آل پاکستان چیمبرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث معیشت میں بہتری آئی ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ برآمدی صنعت میں بہتری کے باعث زرمبادلہ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہ کہ پی آئی اے کی بڈنگ 23 دسمبر کو ہو رہی ہے اور پاسکو کو کرپشن کا گڑھ ادارہ قرار دیتے ہوئے اس کی بندش کا بھی اعلان کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت لوگوں کو کروڑوں نوکریاں نہیں دے سکتی، نوکریاں پیدا کرنا سرکار نہیں بلکہ نجی شعبے کا کام ہے جبکہ حکومت کا کردار نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہ نجی شعبے نے ہی ملک کو اوپر اٹھانا ہے، ہر سیکٹر ایکسپورٹس کرے، ہم آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے سوال اٹھایا کہ ارکانِ اسمبلی کے اثاثے ویب سائٹ پر جاری ہوتے ہیں، بیوروکریٹس کے اثاثے کیوں ظاہر نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے بھی بیوروکریٹس کے اثاثے ظاہر کرنے کا کہا ہے اور یہ کوئی اضافی شرط نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں۔

وفاقی وزیرخزانہ نے بتایا کہ 15 جنوری تک این ایف سی ایوارڈ پر مشاورت مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے، تاہم معاشی بہتری کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خودکار نظام کے ذریعے ٹیکس وصولی میں شفافیت آئی ہے اور معاشی ٹیم کی محنت کی بدولت بدعنوانی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 31 دسمبر کو پارلیمنٹیرینز کے اثاثے ویب سائٹ پر آجائیں گے جبکہ پبلک سرونٹس کے اثاثے بھی ویب سائٹ پر آئیں گے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا ہمیں ڈیجیٹل اکانومی کی طرف جانا ہے، ہم نے جو کرپٹو ایکسچینجز کو لائسنس دینے کا معاہدہ کیا ہے اس سے مزید بہتری آئے گی، ڈھائی کروڑ سے زائد پاکستانی کرپٹو کے کاروبار میں شامل ہیں،اکثریت نوجوانوں کی ہے، ملک چلے گا، معیشت چلے گی اور ملک کو آگے لے کر جائیں گے۔