پاکستان کا جمہوریہ کانگو میں بگڑتی سیکورٹی صورتحال پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ

نیو یارک : پاکستان نے جمہوریہ کانگو میں بگڑتی سیکورٹی صورتحال پر سلامتی کونسل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ باغیوں کی مسلسل پیش قدمی خطے کے امن کےلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
یہ بات اقوام متحدہ کےلئے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے جمہوریہ کانگو کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔عاصم افتخار نے کہا کہ قرارداد 2773 پرعمل درآمد نہ ہونے کے باعث مونوسکوکے تقریبا چالیس فیصد آپریشنل علاقے پرباغی اتحاد کا کنٹرول قائم ہو چکا ہے جس سے مشن کا بنیادی مینڈیٹ شدید متاثر ہو رہا ہے،پاکستان نے مکمل جنگ بندی اور امن کاروں پر حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
سفیرعاصم افتخاراحمد نے و اضح کیا کہ مونوسکو واحدغیرجانبدارفورس ہے جو امن کی نگرانی کی صلاحیت رکھتی ہے تاہم وسائل اور ذمہ داریوں میں عدم توازن اس کی کارکردگی کو محدود کر رہا ہے۔ انہوں نے دوحہ فریم ورک، واشنگٹن معاہدے اور افریقی یونین کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ پائیدار امن کےلئے جمہوریہ کانگو کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ناگزیر ہے۔