دنیا کے امیر ترین شخص کی دولت میں دوگنا اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
ایسا اس وقت ممکن ہوسکے گا جب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس عوام کے سامنے 1500 ارب ڈالرز مارکیٹ ویلیو کے ساتھ جانے میں کامیاب ہوگی۔
اس کمپنی میں ایلون مسک کا حصہ کافی زیادہ ہے اور اگر واقعی اس کے حصص کی فروخت 1500 ارب ڈالرز مارکیٹ ویلیو کے ساتھ ہوئی تو ایلون مسک بہت زیادہ امیر ہو جائیں گے۔
اس دولت میں ٹیسلا اور دیگر کمپنیوں میں ایلون مسک کا حصہ شامل نہیں۔
مجموعی طور پر ایلون مسک 952 ارب ڈالرز کے مالک بن جائیں گے یعنی لگ بھگ دوگنا زیادہ امیر ہو جائیں گے۔
ابھی ایلون مسک 465 ارب ڈالرز کے مالک ہیں اور اس طرح وہ دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر بننے کے بہت قریب پہنچ جائیں گے۔
ٹریلین ائیر سے مراد ایک ہزار ڈالرز کا مالک ہونا ہے اور بظاہر 2026 میں ایلون مسک یہ ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔
ویسے تو ٹیسلا نے بھی انہیں ایک ہزار ارب ڈالرز کا معاوضہ ادا کرنے کے پیکج کی منظوری دی ہے مگر اس کا انحصار اہداف کے حصول پر ہوگا۔
ایلون مسک اسپیس ایکس کے 42 فیصد حصص کے مالک ہیں۔
اب ایلون مسک ٹیسلا یا اسپیس ایکس جس ذریعے سے بھی ٹریلین ائیر بنتے ہیں، انہیں چیلنجز کا سامنا ہوگا۔
ٹیسلا سے معاوضہ حاصل کرنے کے لیے انہیں مخصوص اہداف حاصل کرنا ہوں گے، جیسے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 8500 ارب ڈالرز تک پہنچانا، جو ابھی 1500 ارب ڈالرز ہے۔
اسپیس ایکس کے حصص کو 1500 ارب ڈالرز کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ پیش کرنا بھی کافی چیلنجنگ ہوگا، جس کے لیے کمپنی کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا۔
راکٹوں کو تیار کرنے والی یہ کمپنی اسٹار لنک سیٹلائیٹ انٹرنیٹ سروس بھی فراہم کرتی ہے۔

