کوئٹہ بلدیاتی الیکشن ملتوی کرانے کی اپیل مسترد،پولنگ 28دسمبر کو ہوگی

کوئٹہ:کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی انتخابات ملتوی کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ بلدیاتی الیکشن مقررہ شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہی ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا جس میں صوبائی حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے فول پروف سیکورٹی اور انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 220 کے تحت صوبائی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل معاونت فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی جسے کمیشن نے مسترد کر دیا۔

دوسری جانب ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے اختلافی نوٹ لکھا ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سخت موسمی حالات اور سیکورٹی صورتحال کے باعث ووٹر ٹرن آؤٹ کم رہنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے سفارش کی کہ حالات بہتر ہونے تک بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے جائیں۔الیکشن کمیشن کے اکثریتی فیصلے کے تحت کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات اب شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔