آئی ایم ایف نے بجلی سبسڈی میں143ارب کی کمی کردی

اسلام آباد:عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بے نظیر کفالت پروگرام کی امداد میں مزید اضافے کی بھی سفارش کردی۔

آئی ایم ایف حکام کے مطابق انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ کو مضبوط کیا گیا ہے، بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں بینظیر کفالت پروگرام کی رقم کم ہے تاہم صارفین کی قوتِ خرید برقراررکھنے کیلئے مراعات میں مناسب اضافہ کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے کفالت امداد کم آمدنی والے طبقے کی کھپت کے15 فیصد تک لے جانے کی تجویز دی اور کفالت پروگرام کی رقم میں افراطِ زر کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کی بھی سفارش کی ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق بی آئی ایس پی کے بجٹ میں امدادی پروگراموں پراخراجات میں 20 فیصد اضافہ شامل ہے، اس کے نتیجے میں کفالت پروگرام کے تحت نقد کیش امداد بڑھائی جائے۔

دریں اثناء آئی ایم ایف نے پاکستان میں بجلی کی سبسڈی میں143ارب روپے کی نمایاں کمی کرتے ہوئے سرکلر ڈیٹ کے سالانہ بہائو کا ہدف 400 ارب روپے مقررکر دیا ہے جس کیلئے محض ٹیکس دہندگان کے پیسے پر انحصارکے بجائے کارکردگی بہتر بنانا لازم قرار دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ اسٹاف رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کیلئے بجلی کی سبسڈی کو1.04 ٹریلین روپے سے کم کرکے 893 ارب روپے تک محدود کر دیا گیا جو مجموعی قومی پیداوارکاتقریباً0.7 فیصد بنتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی میں یہ کمی سرکلر ڈیٹ میں اضافے کاہدف کم کرنے کے باعث کی گئی ہے۔