پنجاب،”را” کے 12 دہشتگرد گرفتار،صوبے میں ہائی الرٹ

لاہور:فیصل آباد اور بہاولپور بڑی تباہی سے بچ گئے جب کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے بھارتی دہشت گرد ایجنسی را کے 12دہشت گردوں کو بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، آئی ڈی بم اور نقدی سمیت گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ گرفتار را کے دہشت گردوں کے قبضے سے حساس مقامات اور حساس اداروں کی تصویریں ویڈیو لوکیشن بھی برآمد کر لی گئی، فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے ایک مدرسے اور ایک میلے کی تصویریں،ویڈیو اور لوکیشن بھی برآمد ہوئیں۔

فیصل آباد سے گرفتار دہشت گرد پنجاب میں خوف و ہراس پھیلانے کے ساتھ مذہبی منافرت بھی پھیلانا چاہتے تھے۔سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ لاہور سے گرفتار را کے دہشت گردوں میں سکھ دیپ سنگھ،عظمت، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان، سرفراز جب کہ فیصل آباد سے دانش شامل ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ بہاولپور سے گرفتار فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں میں رجب، ہاشم ، ثاقب اور عارف شامل ہیں۔سی ٹی ڈی پنجاب نے عادل نامی ایک فیس بک آئی ڈی جو کہ انڈیا میں را آپریٹ کر رہی تھی، اس کی مدد سے دہشت گردوں کو گرفتار کیا، فتنہ الہندوستان کا دہشت سکدیپ سنگھ پیدائشی کرسچن تھا جس نے کچھ عرصہ قبل اپنا مذہب تبدیل کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ گرفتار فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو بھارتی دہشت گرد ایجنسی را سے بھاری فنڈنگ بھی کی جاتی تھی، فتنہ الہندوستان کے گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے آئی ای ڈی بم، 7 ڈیٹونیٹر، 2 حفاظتی فیوز وائر 102 فٹ ، موبائل نقدی اور اسلحہ بر آمد کیا ہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری طور پر سوئپ اینڈکومبنگ آپریشنز کرنے کی ہدایت کردی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت صوبے بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کیا۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں فوری طور پر سوئپ اینڈ کومبنگ آپریشنز کیے جائیں۔ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز کومبنگ آپریشنز میں سی ٹی ڈی دیگر اداروں کے ہمراہ ہوں گے۔ سی ٹی ڈی، ایس ڈی پی اوز دیگر سیکورٹی اداروں کے ہمراہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں بھی کرائیں۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں، تعلیمی اداروں میں سیکورٹی گارڈز لگانے کے ساتھ ایمرجنسی انخلا بھی یقینی بنائیں۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ صوبے میں باہر سے آئے افرادکی فوری پروفائلنگ اور ڈیٹا چیک کرایا جائے، ٹی ایل پی سمیت تمام کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھیں، دہشت گردوں اور شر پسند عناصر کے تدارک کے لیے بھرپور ڈور ناکنگ کریں۔