برطانیہ میں پاکستانی اور بنگلادیشی طلبہ پر پابندی عائد

برطانیہ کی 9 بڑی یونیورسٹیوں نے پاکستان اور بنگلادیش سے آنے والے نئے طلبہ کے داخلے عارضی طور پر معطل کر دیئے۔فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت نے پاکستان اور بنگلادیش کے طلبہ کے لیے تعلیمی ویزوں کا اجرا عارضی طور پر روک دیا ہے۔ نئی سخت شرائط کے بعد برطانیہ کی کم از کم 9 یونیورسٹیوں نے دونوں ممالک سے آنے والے طلبہ کے داخلے معطل کر دیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی ویزا استعمال کر کے سیاسی پناہ حاصل کرنے کا بڑھتا رجحان اس اقدام کا سبب بنا۔برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ بعض طلبہ تعلیمی ویزا حاصل کرنے کے فوری بعد سیاسی پناہ کی درخواستیں دیکر برطانیہ میں مستقل رہائش اختیار کرنے کی کوشش کرتے تھے، جس کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کو ہائی رسک کیٹیگری میں رکھا گیا اور تعلیمی ویزے کے اجراء کی شرائط مزید سخت کر دی گئیں۔

نئی ہدایات کے تحت برطانوی جامعات کو صرف ایسے طلبہ کو داخلہ دینے کی اجازت ہوگی جن کا برطانیہ آنے کا مقصد صرف تعلیم ہو۔ایسے طلبہ جن پر ویزا سسٹم کے غلط استعمال یا مختلف استثنیٰ کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا شبہ ہو، انہیں داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال میں میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی طلبا کی تقریباً 20 فیصد ویزا درخواستیں مسترد کی جا رہی ہیں۔