کوئٹہ:پنجگور کے علاقے چتکان میں دہشت گردوں نے شہری کے گھر پر راکٹ حملہ کردیا،دو راکٹ فائر ہونے سے دو بچے زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے2 آر پی جی راکٹ فائر کیے جس کے سبب شہری حاجی ظفر ساسولی کا گھر تباہ ہوگیا، راکٹ حملے میں حاجی ظفر کے گھر کے 2 معصوم بچے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے دانستہ طور پر غیر مسلح شہری خاندان کو نشانہ بنایا۔راکٹ حملے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقامی آبادی شدید تشویش کا شکار ہوگئی، مقامی پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کو بزدلانہ دہشت گردی قرار دے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

