کراچی والے ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور، ادارہ شماریات کا انکشاف

اسلام آباد : کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہے ، جہاں قیمت 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں کرشنگ سیزن کے باوجود چینی کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ ایک ہفتے میں چینی 20 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی، جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی میں چینی کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ لاہور میں قیمت 179 روپے جبکہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں چینی 180 روپے فی کلو دستیاب ہے۔
حیدرآباد میں قیمت 215 روپے، سکھر میں 195 روپے اور لاڑکانہ میں 205 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور میں چینی 190 روپے اور بنوں میں 180 روپے فی کلو ، کوئٹہ میں چینی کی قیمت 216 روپے اور خضدار میں 210 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ملک بھر میں چینی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں نے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔