فورسز کی کارروائی، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے 24 نومبر کو کارروائی کی، جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد موجود تھے۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کے بعد کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی روپوش بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد کو گرفتار کیا یا ٹھکانے لگایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت فیڈرل ایپکس کمیٹی کے وژن عزمِ استحکام کے تحت پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی اور ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب صدر مملکت، وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ نے بنوں میں آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 22 حملہ آوروں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر ردعمل کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت جاری کاؤنٹر ٹیررازم مہم میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عزم قابلِ ستائش ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی میں سرگرم خوارج کا قلع قمع ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں۔ صدر نے آپریشن کے دوران جرات دکھانے والے جوانوں کو سلام پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔