وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین صدر وفاق شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق، ناظمِ اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس حملے کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
قائدین نے کہا کہ مولانا ادریس ایک بزرگ اور نامور عالمِ دین تھے، جن کے تلامذہ اور شاگرد ہزاروں کی تعداد میں دنیا بھر میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الحدیث مولانا ادریس ایک بے ضرر عالم تھے جو زندگی بھر درسِ حدیث کی مسند پر جلوہ افروز رہے۔
وفاق المدارس کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ مولانا ادریس کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ تمام ممتاز علماء کرام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ریاست اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
قائدین نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور جامعہ نعمانیہ چارسدہ کی انتظامیہ، اساتذہ و طلبہ، اور دنیا بھر میں پھیلے مولانا ادریس کے شاگردوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
مزید برآں، وفاق المدارس کے قائدین نے تمام مساجد کے ائمہ و خطباء اور دینی مدارس کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ شہید مولانا ادریس کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔

