پنجاب ، 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف مقرر

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں 27 نئے سہولت بازاروں کی تکمیل کیلئے جولائی کا ہدف دے دیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم ہوں گے، 27 نئے سہولت بازاروں میں 1300 نئے بزنس شروع ہوں گے، 600 سے زائد افراد کیلئے براہ راست ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

نئے سہولت بازار بننے سے سالانہ 9 کروڑ سے زائد شہری مستفید ہو سکیں گے، نئے سہولت بازار میں اوپن مارکیٹ سے 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم نرخ پر سبزیاں اور پھل وغیرہ دستیاب ہوں گے، نئے سہولت بازاروں کے قیام سے ساڑھے 8 لاکھ سے زائد گھرانوں کو 5 ارب 30 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔

نئے سہولت بازار بننے سے مقامی سپلائی چینج اور کاروبار کو فروغ ملے گا، دکانداروں کی سیل میں 24 فیصد اور منافع میں 23 فیصد متوقع ہے، سہولت بازاروں میں دکانداروں کو مفت بجلی، صفائی اور سیکورٹی سروسز کی مد میں تقریبا 35 کروڑ روپے کی سالانہ بچت ہوگی۔ہر سہولت بازار کے مرکزی کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، 5 کلو میٹر کے اندر 40 منٹ میں فری ہوم ڈلیوری کی سروس سے نہ صرف وقت بلکہ ایندھن کی بھی بچت ہوگی۔

بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفر گڑھ،، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم کی تحصیلوں میں نئے سہولت بازِاربنیں گے، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی نئے سہولت بازار پراجیکٹ میں شامل ہیں۔لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں سہولت آن دی گو بازار قائم ہوں گے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کا عہد ہر صورت نبھائیں گے، سہولت بازار میں کم سے کم نرخ پر سبزیاں اور پھل ملنے سے عوام کو واضح معاشی ریلیف ملے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سہولت بازار میں صاف ستھرے ماحول میں بہترین پھل، سبزیاں اور دیگر سامان ارزاں نرخ پر دستیاب ہوگا، پارکنگ، بیٹھنے کیلئے جگہ اور بزرگ شہریوں کیلئے الگ کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے، سہولت بازار میں پینے کے صاف پانی، مسجد اور فیملی فرینڈلی ماحول فراہم کیا جائے گا۔