واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے خلاف اگلے ہفتے قانونی کارروائی کروں گا۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) پر ایک ارب ڈالر یا اس سے زائد کے ہرجانے کا کیس کیا جائے گا، ہم ممکنہ طور پر بی بی سی کے خلاف امریکا میں مقدمہ دائر کریں گے، بی بی سی پر ہرجانے سے متعلق برطانوی وزیراعظم سے بھی بات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی دوسرے ملکوں کی طرح ایٹمی تجربات کریں گے، ہمارے پاس کسی اور ملک سے زیادہ جوہری ہتھیار ہیں، سعودی عرب کی فائٹر جیٹ کی درخواست پرغور جاری ہے۔
واضح رہے کہ بی بی سی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اُن کی تقریر کی غلط ایڈیٹنگ کرنے پر معافی مانگ لی تاہم معاوضہ دینے سے انکار کر دیا ہے، بی بی سی نے گزشتہ روز یقین دہانی کروائی تھی کہ 2024ء میں نشر ہونے والی ٹرمپ کی ایڈٹ شدہ دستاویزی فلم دوبارہ نہیں دکھائی جائے گی۔

