ڈھاکا:وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے متعلق دبنگ بیان پر بنگلادیش کا ردعمل بھی آگیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے اور اس کی وجہ بنگلادیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ان کے اس بیان پر بنگلادیش میں کھیلوں کے مشیر ڈاکٹر آصف نذرل نے ایک پیغام میں شکریہ پاکستان کہا ہے۔آصف نذرل نے اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کا حوالہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ اجلاس کے دوران کہا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ کھیل کے میدان میںسیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نے یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے۔
ہمیں مکمل طور پر بنگلادیش کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ میرے خیال میں یہ بہت مناسب فیصلہ ہے۔
اس سے قبل حکومت پاکستان نے یکم فروری کو ایک سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے مگر 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈنے کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا ہے۔گزشتہ روز بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی نے مسئلے کے حل کے لیے نائب سربراہ عمران خواجہ کو پاکستان سے بیک ڈور بات چیت کا ٹاسک سونپا ہے۔

