لاہور : شہریوں کے لیے انعامی اسکیم کا اعلان کردیا گیا ، جس کے تحت شہریوں کو فی کیس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کارروائی ان افغان باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے جو بغیر قانونی دستاویزات کے رہائش پذیر یا کاروبار کر رہے ہیں اور جعلی شناختی کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کے لیے انعامی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شخص کسی غیر قانونی افغان شہری کی اطلاع دے گا، اسے 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ اطلاع دینے والے شہری کو فوری طور پر انعام کی رقم فراہم کی جائے۔ حکام نے کہا کہ یہ مہم ان مکان مالکان اور دکانداروں کے خلاف بھی ہے جو غیر قانونی افغان باشندوں کو کرایہ پر جگہ دے رہے ہیں۔کارروائی صرف غیر قانونی مقیم افراد تک محدود نہیں بلکہ سیاحتی یا طبی ویزے پر پاکستان میں کاروبار کرنے والے افغان شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، ایسے افراد کی اطلاع دینے والے شہریوں کو بھی فی کیس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں فعال کردار ادا کریں، پولیس کی جانب سے فوری کارروائی اور اطلاع دہندگان کے لیے مکمل رازداری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

