کراچی میں جرائم کی روک تھام کے لیے نصب سیف سٹی سسٹم کے آلات بھی چوروں کے نشانے پر آگئے۔ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب کیمروں کے لیے لگایا گیا ڈسٹری بیوشن بکس چوری کرلیا گیا، جس کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بکس چوری ہونے کے بعد متعلقہ کیمرے بند ہوگئے، جنہیں مزید نقصان سے بچانے کے لیے کھمبوں سے اتار کر محفوظ کرلیا گیا ہے۔
ڈی جی آصف اعجاز شیخ کے مطابق کیمروں سمیت سیف سٹی پروجیکٹ کے آلات کے تحفظ کے لیے پہلے ہی ڈسٹرکٹ پولیس کو ہدایت دی گئی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کے قیمتی آلات کی چوری تشویشناک ہے، جس سے شہر کے سیکورٹی مانیٹرنگ سسٹم پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔
ادھربلاول ہاوس کے قریب سے چوری ہونے والا سیف سٹی کیمروں کا ڈسٹری بیوشن باکس خالی پلاٹ سے مل گیا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ڈسٹری بیوشن باکس پلاٹ تک کس طرح پہنچا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے بتایاتھا کہ الارم سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے واقعے کی درست تاریخ اور وقت کا تعین ممکن نہیں تھا۔
تاہم عینی شاہدین اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹری بیوشن باکس اونچا اور وزنی ہے، اس لیے کوئی شخص اکیلا اسے اٹھا کر لے جانا مشکل تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی میں کچھ افراد کو باکس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے دیکھا گیا۔
سیف سٹی انتظامیہ نے واقعے کے حوالے سے 6 نومبر کو پولیس کو اطلاع دی تھی، اور متعلقہ کیمرے اس وقت غیر فعال تھے۔ پولیس اطراف کی دیگر سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر رہی ہے تاکہ مکمل تفصیلات سامنے آ سکیں۔

