تھائی، ملائیشیا سرحد پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعہ میں اموات 11 ہوگئیں

تھائی ملائیشیا سرحد کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ 

خبر ایجنسی کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں تارکین وطن سمیت تقریباً 70 افراد سوار تھے جن میں سے اب تک 11 لاشیں نکالی جاچکیں جب کہ13 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ تھائی حکام نے 4 لاشیں نکالیں جن میں 2 بچے شامل ہیں اور ملائیشین میری ٹائم ایجنسی نے 7 لاشیں نکالیں جب کہ ڈوبنے والے مزید افراد کی تلاش کے لیے تھائی اور ملائیشین حکام کا آپریشن جاری ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق 230 مسافروں کو لے جانے والی ایک اور کشتی کےلاپتا ہونےکی اطلاع ہے جس کی تلاش تاحال جاری ہے۔

واضح رہے کہ ایک کشتی 2 ہفتے قبل میانمارسے چلی تھی جس میں تقریباً 300 افراد سوار تھے تاہم بعد ازاں بہت سے لوگوں کو دوسری کشتی  میں منتقل کیا گیا جب کہ کشتی میں میانمار، روہنگین اور بنگلا دیشی تارکین وطن سوارتھے۔