اوپن مارکیٹ میں چینی کی سرکاری قیمت پر عدم دستیابی سے مختلف شہروں میں چینی 220 روپے تک میں فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں چینی 190 روپے سے 220 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے، اس کے علاوہ پشاور شہر میں بھی چینی 220 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پرچون میں چینی 185جبکہ ہول سیل 180روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔ راولپنڈی میں سرکار کی مقرر قیمت 179 روپے کلو ہے جب کہ دکانوں پر 181 روپے سے 185 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ سرکار کی مقرر قیمت پر چینی کی فروخت ایک مسئلہ بن گئی ہے، اس حوالے سے صدر کریانہ ایسوسی ایشن سلیم پرویز بٹ نے کہا کہ پرچون میں چینی 185 روپے بھی بمشکل فروخت کرتے ہیں،
پیرا فورس سرکاری قیمت سے زیادہ ریٹ پر جرمانے کرنے لگی۔ چینی کی عدم دستیابی اور بھاری جرمانے کیے جارہے ہیں، اگر چینی ضرورت کے مطابق سپلائی نہیں کی جاتی تو فروخت بند کردیں گے۔ادھرادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں سرگودھامیں چینی کی فی کلو قیمت میں23 روپے تک جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں چینی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے تک اضافہ ہوگیا جس کے بعد ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 220 روپے ہوگئی۔
ملک بھر میں چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ، حکومت نے 2لاکھ ٹن چینی درآمد کر نے کا آرڈر دیدیا۔دستاویزات کے مطابق راولپنڈی، کراچی اور سرگودھا میں چینی کی فی کلو قیمت بڑھ کر 200 روپے تک پہنچ گئی جبکہ حیدرآباد میں چینی کی زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 190سے بڑھ کر 195روپے ہوگئی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 12پیسے کی کمی ہوئی، ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188روپے 69 پیسے پر آگئی ہے۔ گزشتہ ہفتے تک ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 188 روپے 81 پیسے تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمت 132روپے47پیسے تھی۔

