بھارت کیخلاف جنگ جیتی اب امن جیتنے کے خواہش مند ہیں،وزیراعظم

جہانیاں:وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا اب الحمدللہ معیشت بہتر ہو رہی ہے۔وہ جہانیاں اور خانیوال کے دورے کے دوران رکن قومی اسمبلی چودھری افتخار نذیر کے دفترمیں کارکنوں سے مختصر خطاب کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے جہانیاں آمد پر ممبر قومی اسمبلی چودھری افتخار نذیر سے ملاقات کی جبکہ خانیوال میں سابق صوبائی وزیر،مسلم لیگ ن کے سینئر رکن مرحوم عرفان احمد خان ڈاھا کی تعزیت کیلئے ان کے بیٹے رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا سے ملاقات کی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہاللہ تعالیٰ نے چار دن کی جنگ میں پاکستان کو عظیم فتح سے نوازا، بھارت قیامت تک اس شکست سے باہر نہیں نکل سکتا،بھارت کے خلاف جنگ جیتی اب ہم امن جیتنے کے خواہش مند ہیں،بھارت کے خلاف کامیابی افواج پاکستان کی جرات، بہادری اور اللہ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نے ناقابل مصائب برداشت کیے ،اب غزہ میں جنگ بندی کے بعد مشرق وسطیٰ میںپائیدار امن کے قیام کیلئے پر امید ہیں،انہوں نے کہا کہتمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی مفاد میں مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی ترقی ہی سب کی کامیابی ہے، ملک کے خوابوں کو حقیقت بنانا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہترین کام کررہی ہیں ،سیلاب متاثرین کیلئے ان کی خدمات بیش قیمت ہیںجبکہ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ جہانیاں کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز ملنے کی امید کی جا رہی تھی تاہم جہانیاں کیلئے کسی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا ۔