ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت کے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کردیا،بلاول

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غزہ کے معاملے پر امید تو ہے مگر خدشات بھی موجود ہیں۔ ہم خوش ہوں گے جب کراچی کے لیے کام کیا جائے۔

کراچی کے ترقیاتی منصوبے پر وفاق سے بات ہوئی ہے جو بھی ترقیاتی کام ہوں وہ اٹھارویں ترمیم کے مطابق ہوں۔سانحہ کارساز دہشت گردی کا بہت بڑا واقعہ تھا۔بے نظیر بھٹو کا قتل ملک اور وفاق کے خلاف سازش تھی۔

پیپلز پارٹی آج بھی بی بی کے مشن کو آگے لیکر چل رہی ہے، ہم اپنے قائدین کے وژن کے مطابق پاکستان کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔وہ ہفتہ کو سانحہ کارساز کی 18 ویں برسی کے موقع پر شاہراہ فیصل پر سانحہ کارساز کے شہدا کی یادگار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مرادعلی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو،سینیٹر وقار مہدی،شرجیل میمن، سعید غنی، ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، رئوف ناگوری اور دیگر رہنما موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسائے ملک سے ہمارے تعلقات بہتر نہیں ہیں اور ایک سلسلہ چل رہا ہے۔پیپلز پارٹی اس صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت کے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت بہت بڑی کامیابی ہے۔