پنجاب کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی ختم،ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ

لاہور: پنجاب کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی کا نظام ختم کرنے اور مکمل ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں مختلف محکموں نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جن میں ٹرانسپورٹ، تعمیرات، توانائی بچت اور شہری خوبصورتی کے منصوبے شامل تھے۔

اب 38 ٹول پلازوں پر موٹروے کی طرز پر ”ون ایپ، ون سسٹم” متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو اور آمدورفت میں شفافیت اور تیزی آئے۔اجلاس میں 5 بڑی سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبوں کیلئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی منظوری دی گئی۔

ان منصوبوں میں نجی ادارے کام کریں گے اور حکومت ان کے ساتھ اشتراک کرے گی، اس عمل سے اخراجات میں کمی اور کام کی رفتار میں بہتری کی توقع ہے۔ای ٹینڈرنگ کے ذریعے پنجاب میں 40 ارب روپے کی بچت ہوئی، جسے حکومتی سطح پر بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے نئی بننے والی تمام سڑکوں پر سولرا سٹریٹ لائٹس لگانے کا حکم دیا تاکہ توانائی کی بچت ہو اور ماحول دوست نظام کو فروغ ملے، لاہور کی بیوٹیفکیشن کے لئے متعدد منصوبے منظور کئے گئے جن میں ریلوے اسٹیشن، داتا دربار، مصری شاہ، ایک موریہ اور دو موریہ پل کی خوبصورتی اور ری ویمپنگ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں فوارہ اور بچوں کے لئے منی ٹرین بھی چلائی جائے گی جبکہ اسٹیشن کے اطراف 3 کلومیٹر کے دائرے میں نئی سڑکیں اور فٹ پاتھ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔

ادھر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت صوبے میں سبزیوں اور روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے نرخ میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سبزیوں کے نرخ میں کمی اور دستیابی یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعلی پنجاب نے ہر دکان پرنرخ نمایاں طور پر آویزاں کرانے کا حکم دیا، ہر بازار کے داخلی راستے پرریٹ لسٹ آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو سے متعلق بریفنگ دی گئی، پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹی مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے وزیراعلی مریم نواز شریف کوا سٹریٹجک پلان پیش کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ایپلی کیشن کے ذریعے سینٹرل ڈیش بورڈ پرسبزیوں کی فراہمی سے متعلق تمام ڈیٹا میسر ہوگا، سبزیوں، دالوں کے اسٹاک،آمد، نرخ اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی ڈیٹا ایپ کے ذریعے ڈائون لوڈ کیا جائے گا، پرائس مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر پر گندم کی پسائی اور آٹے کی دستیابی کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے ا سپیکر پروفیسر ڈاکٹر عمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی ا سپیکر غفاروا نے پنجاب اسمبلی آمد پر الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

مریم نواز شریف نے ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی وفد کا خیر مقدم کیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پنجاب کے عوام کی جانب سے ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت کے لئے خیرسگالی کا پیغام دیا۔

اْنہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت پر دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت کرنے پر ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔