احتجاج پر مذہبی جماعت کی قیادت پرمقدمات ،گرفتار17کارکن پولیس کے حوالے

راولپنڈی، فیصل آباد:مذہبی جماعت کے احتجاج پر قیادت و کارکنان پر راولپنڈی اور فیصل آباد میں مقدمات درج کر لئے گئے ۔

راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے رہنما سعد رضوی سمیت مقامی قیادت و کارکنان پر مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا، روڈ بند کرنا، سیدھی فائرنگ کرنے سمیت مزاحمت کرکے ایمونیشن چھیننے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمے میں سعد رضوی، قاری بلال سمیت 21 رہنماؤں و کارکنوں کو نامزد اور 35 نامعلوم رکھا گیا۔۔دوسری طرف فیصل آباد میں تھانہ سول لائن اور جھنگ بازار میں 54 مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، تھانہ سول لائن میں 23 نامزد اور 6 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

تھانہ جھنگ بازار میں 5 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، مقدمات میں انسداد دہشت گردی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، ہوائی فائرنگ سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سرکاری املاک، سڑک بلاک کرنے اور عوام کی املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں گرفتار ٹی ایل پی کے 17 کارکنوں کو انسداد دہشت گردی عدالت پیش کر دیا گیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو 17 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کی تفتیشی رپورٹ پیش کی جائے۔