میران شاہ/کوئٹہ/سوات:قبائلی عوام نے افغانستان کی جانب سے خیبرپختونخوا میں دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ہتھیار اٹھانے کا اعلان کردیا۔
پشتو میں آڈیو پیغام میں کہا کہ افغان دہشت گردوں کے خلاف وہ پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔قبائلی عوام نے کہا کہ وطن کا دفاع ہم پر فرض ہے اور ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پہلے بھی دہشت گردوں کو سبق سکھایا تھا اور اب بھی سبق سکھائیں گے۔قبائلی عوام نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ مل کر ان کی نسلیں تباہ کردیں گے، یہ وطن ہمارا ہے اور اسکا دفاع ہمارا فرض ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بعد بلوچستان کے غیور قبائل کا بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے سامنے آ گئے۔ برابچہ اور دلبندین کے غیور قبائل نے بارڈر پر جانے کیلئے اصرارشروع کر دیا ۔
غیور بلوچ قبائل کا کہنا ہے کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا اور اظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں، افغانستان نے اگر دوبارہ جارحیت کی تو صرف پاک فوج ہی نہیں بلوچ عوام سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔
ادھرسوات اور باجوڑ کے عوام کی جانب سے پاک فوج کی جوابی کارروائی کا خیر مقدم کیا گیا ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ہماری افواج الحمدللہ اس قابل ہیں کہ وہ اس دھرتی کی حفاظت کر سکیں، پاک افواج نے بھرپور اور بروقت جواب دیا ہے۔ہم عوام اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔