فیصل آباد:وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک سبق سکھایا،اب سیاسی قیادت کو اس موقع پر لبیک کہنا چاہیے،آئیں اور میثاق استحکام پاکستان پر سر جوڑ کر بیٹھیں اور وزیراعظم کی پیشکش پر بات کریں۔
ایک مذہبی جماعت غزہ مارچ کے نام پر احتجاج کررہی ہے، یہ موقع احتجاج کا نہیں ،پاکستان کی افواج اپنے شہدا کے خون کا بدلا لے رہی ہے، ہماری مت سنیں مگر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہوں اور احتجاج موخر کریں۔
پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہاکہ مسلح افواج نے جو کارروائی کی ہے یہ وقت کی ضرورت ہے کیونکہ جب 30،30 جنازے پڑھے جارہے تھے تو پوری قوم کے دلوں میں یہ سوال ضرور تھا کہ ہم کب تک اپنے جوان سپوتوں کے جنازے پڑھتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر دل میں یہ بات تھی کہ اس کا جواب دیا جانا چاہیے اور اتنا ہی موثر دیا جانا چاہیے جتنا جواب دیا گیا ہے، اس پر میں صدر مملکت،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوںنے کہاکہ جواب تو وقت کی ضرورت تھی لیکن جس موثر انداز سے جواب دیا، حق یہ بنتا تھا اور یہی تقاضا ہے، اب سیاسی قیادت کو اس موقع پر لبیک کہنا چاہیے کیوں کہ ہم نے ایک ایسے دشمن کو ٹھکانے لگایا ہے جو ہم پر چھپ کر وار کرتا آیا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج ہمیں داخلی استحکام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ میں خصوصی طور پر پی ٹی آئی کی سیاسی قیادت کو کہتا ہوں آپ ہمیں گالیاں دیں اور اپنا بیانیہ برقرار رکھیں کہ ہم نے کسی کو چھوڑنا نہیں لیکن آپ پاکستان، مسلح افواج اور شہدا کے ساتھ کھڑے ہوں، ان کے خون کو عزت دیں اور ملک کے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں عزت کا مقام حاصل کرچکا ہے، پوری دنیا پاکستان کی عسکری اور سفارتی قوت کو تسلیم کرتی ہے، آپ بھی اس قوت کا حصہ بنیں تاکہ اندرون وبیرون معاملات خوش اسلوبی سے آگے بڑھ سکیں ، پاکستان معاشی طور پر آگے بڑھے اور مستحکم ہو۔