بلدیاتی الیکشن میں تاخیر پر پنجاب حکومت کیخلاف کیس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد:پنجاب بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کے خلاف کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اس حوالے سے اجلاس ہوا۔ الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کو سیکرٹری بلدیات پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن اعلامیہ میں کہا گیا پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کی میعاد 2021 میں ختم ہوئی، پانچ مرتبہ قوانین میں ترامیم ہوئیں اور تین بار حلقہ بندیاں کی گئیں، دو مرتبہ الیکٹورل گروپس رجسٹر ہوئے، چھٹی بار قانون سازی زیر التوا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کو بارہا یاد دہانیاں کروائیں لیکن قانون سازی نہ ہو سکی، 2 جون 2025 کو کیس کی سماعت ہوئی اور پنجاب حکومت نے 3 ماہ کی مہلت مانگی، بجٹ سیشن اور کمیٹی ریویو کا موقف دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہلت کے باوجود پنجاب حکومت کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت 8 اکتوبر 2025 کو الیکشن کمیشن کا فل بینچ کرے گا۔