سروائیکل کینسر ویکسی نیشن مہم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ

ہدف حاصل نہ ہونے پر سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کر لیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ قومی انسداد سروائیکل کینسر ویکسی نیشن مہم کی مدت میں توسیع کا فیصلہ ہدف حاصل نہ کیے جانے پر ہوا ہے، صوبوں نے انسداد ایچ پی وی مہم کی مدت میں توسیع کی اپیل کی ہے، پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر، اسلام آباد میں مہم کی مدت میں توسیع کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے مہم کی مدت تین دن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق مہم 30 ستمبر تک جاری رہے گی، صوبائی حکومت اس حوالے سے وفاق کو کل آگاہ کرے گی۔

ادھر اسلام آباد میں ایچ پی وی مہم کی مدت تین سے سات دن تک بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب اور آزاد کشمیر میں بھی 3 تا 7 روز کی توسیع کا امکان ہے۔ملکی تاریخ کی پہلی انسداد سروائیکل کینسر مہم 15 تا 27 ستمبر چلائی گئی جس کا ہدف ایک کروڑ 17 لاکھ سے زائد بچیوں کی ویکسی نیشن ہے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سروائیکل کینسر ویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے پیچھے دشمن ملک ہے، اہم ثبوت سامنے آگئے ہیں ۔

ایک انٹرویو میں مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سروائیکل کینسرویکسین سے متعلق سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا دشمن ملک پھیلا رہاہے، اس حوالے سے ملنے والے ثبوت چشم کشا ہیں، عوام پروپیگنڈا کرنے والوں کے مقاصد سمجھیں۔مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سروائیکل کینسر کی ویکسین پہلے بھارت سے خریدی جا رہی تھی لیکن اب چین سے خریدی جا رہی ہے،کاروباری نقصان بھی پروپیگنڈے کی ایک بڑی وجہ ہوسکتی ہے۔

وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کو میڈیا کے سامنے لا کر ویکسی نیشن کروائی تو ویکسی نیشن کی شرح 40 سے بڑھ کر 58 فیصد ہوگئی۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ بیٹی کو ماسک پہنا کر لائوں لیکن اس سے شکوک وشبہات جنم لے سکتے تھے، مجھے پوری قوم کی بچیاں عزیز ہیں ۔اسی لئے اپنی بیٹی کو میڈیا کے سامنے لا کر ویکسی نیشن کروائی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم کسی بیماری کی ویکسین نہیں لیں گے تو اس سے کیسے بچ سکیں گے، میری بیٹی کو ویکسین لگوانے سے ویکسی نیشن مہم پر مثبت اثرات پڑے ہیں اور اس حوالے سے مثبت ٹرینڈ دیکھا جا رہا ہے۔