ڈیرہ اسماعیل خان میں منی ٹرک کو حادثہ، ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں درازندہ کے مقام پر منی ٹرک کو خطرناک حادثہ پیش آیا ہے۔ذرائع کے مطابق دورا ن سفر منی ٹرک کے بریک اچانک فیل ہوگئے جس کے باعث گاڑی الٹ گئی اور حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 13افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ منی ٹرک میں سوار خانہ بدوش خاندان بلوچستان کے علاقے خانوزئی سے ڈیرہ اسماعیل خان آ رہا تھا کہ بریک فیل ہو جانے کے باعث داناسر درازندہ کے مقام پر حادثے کا شکار ہوگیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کردیا ہے۔

منی ٹرک میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے۔زخمیوں میں 27 سالہ دریا خان، 10 سالہ یوسف اور 25 سالہ احمد شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں پانچ خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔