پاکستان اورچین کاسیاسی واقتصادی تعاون بڑھانے پراتفاق

چنگ ڈو:صدر مملکت آصف علی زرداری سے چنگ ڈو میں چین کے وزیر پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ اور پولیٹیکل بیورو کے رکن لی شو لی سے ملاقات کی ،ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے صوبہ سچوان میں شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور دوسرے گولڈن پانڈا فورم کے کامیاب انعقاد پرمبارکباد دی،لی شو لی نے صدر زرداری کو چین آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں صدر شی جن پنگ کی نیک تمناؤں سے آگاہ کیا۔

لی شو لی نے صدر پاکستان کے چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے مضمون کو سراہا اورکہا کہ آپ اور صدر شی جن پنگ نے پاک چین تعلقات کو نئی قیادت فراہم کی ہے،لی شو لی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین ہمیشہ مضبوط بھائی رہیں گے۔

انکاکہنا تھا کہ دنیا کو آج کتابوں کی خوشبو کی ضرورت ہے نہ کہ بارود کی بو۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاک چین دوستی آنے والے برسوں میں مزید مستحکم اور فروغ پائے گی۔

دریں اثناء دوسرے گولڈن پانڈا انٹرنیشنل کلچر فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام اور تعاون کی ایک لازوال مثال ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدرمملکت نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فنکارانہ کوششیں سرحدوں کو عبور کرتی ہیں اور مشترکہ انسانی اقدار کے ذریعے لوگوں کو اکٹھا کرتی ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کی پائیدار دوستی باہمی احترام اور تعاون پر کھڑی ہے، دونوں ممالک آئندہ سال سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ یہ شراکت داری نہ صرف اسٹریٹجک ہے بلکہ لوگوں کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کا زندہ ثبوت بھی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دنیا ڈرامائی تبدیلیوں سے گزر رہی ہے، انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تصادم کے بجائے تعاون کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے بے حد متاثر ہوئے ہیں کہ یہ اقدامات کس طرح انسانیت کی مشترکہ اقدار کی خدمت کرتے ہیں۔