اسرائیل نسل کش ریاست قرار،پاکستان کاجارحیت پر منہ توڑ جواب کا انتباہ

اسلام آباد/نیو یارک :پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے دوحہ میں کیے گئے حملے کے دفاع میں اسامہ بن لادن کے واقعے کا حوالہ دینے کو مضحکہ خیز اور گمراہ کن قراردیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران اسرائیلی مندوب کے ریمارکس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق اسرائیلی موازنہ غلط،گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔

پاکستانی مندوب نے اسرائیل کو انتہائی غیر ذمہ دار ،نسل کش اور ”بدمعاش ریاست “قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایسے اشارے قبول نہیں کرسکتے ،کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل ہی بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہے ، پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب کا آغاز اسرائیلی حملے کی سخت مذمت سے کیا اور اسے قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور ڈھٹائی پر مبنی اور غیر قانونی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ غیر قانونی اور ڈھٹائی پر مبنی حملہ کوئی الگ واقعہ نہیں بلکہ اسرائیل کی جارحیت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے ایک بڑے اور مستقل سلسلے کا حصہ ہے جو خطے کے امن و استحکام کو کمزور کرتا ہے۔ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب غزہ کے حوالے سے حساس مذاکرات ممکنہ کامیابی کی طرف بڑھ رہے تھے۔ان کے مطابق کسی اہم ثالث کے علاقے اور براہِ راست مذاکرات میں شامل افراد کو نشانہ بنانا دراصل سفارت کاری کو سبوتاژ کرنے، امن کی کوششوں کو ناکام بنانے اور شہریوں کی مشکلات بڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے بھی اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پاکستانی قوم برادر ملک قطر کے ساتھ کھڑی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے، پاکستان تنازع فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے سے متعلق پاکستان کا ردعمل واضح ہے، پاکستان حملے کی مذمت کرتا ہے اور قطر سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، کسی نے مس ایڈوینچر کرنے کی کوشش کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔