فورسزکی کارروائیاں،23دہشت گرد ہلاک،2ایف سی اہلکار شہید

راولپنڈی/کوئٹہ/دیرلوئر: سیکورٹی فورسز نے ضلع مہمند،بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ19دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات پر 9اور10ستمبرکی رات کارروائیاں کیں جس میں19خوارجی منطقی انجام کو پہنچے۔ضلع مہمند کے علاقے گولونو میں خفیہ معلومات پر آپریشن کیا گیا، خوارجیوں کے ٹھکانے پر سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 14 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک ہوئے۔

دوسرا آپریشن ضلع شمالی وزیر ستان کے عمومی علاقے دتہ خیل میں کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں سے اسلحہ،بارود برآمد ہوا، خوارج علاقے میں دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے، بچے کھچے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سیکورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔

ادھردیرلوئر کے علاقیمیدان سر بانڈہ میں پولیس،ایف سی اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں دو ایف سی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی مزید نفری پہنچا دی گئی ہے،فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے یاروں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی جس کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ کارروائی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد بلوچستان میں متعدد سنگین جرائم میں ملوث تھے، ان میں چمن روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ٹرک پر حملہ، پشین میں لیویز افسر کا قتل اور پولیس اہلکاروں پر حملے شامل ہیں۔

یہ دہشت گرد دیگر اہم مقدمات میں بھی مطلوب تھے اور علاقے میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں کے ذمہ دار تھے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 2 کلاشنکوف رائفلیں، 2 نائن ایم ایم پستول، 2 دستی بم، ایک ڈیٹونیٹر، پریما کارڈ اور دیگر بارودی مواد شامل ہے، یہ تمام اشیاء دہشت گردوں کی مزید کارروائیوں کی تیاری کا حصہ تھیں۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائی بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری آپریشنز کا حصہ ہے، ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور ان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔