سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے میچ میں پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یو اے ای کے بولرز کے سامنے اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی گئیں۔
80 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ پھر فخر زمان اور محمد نواز نے 91 رنز کی نا قابلِ شکست شراکت بنا کر ٹیم کا اسکور 5 وکٹ 171 تک پہنچا دیا۔ فخر زمان 77 اور محمد نواز 37 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں علی شان کے 61 رنز کے علاوہ یو اے ای کا کوئی بیٹر وکٹ پر نہ ٹک سکا اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 140 رنز بنائے۔
پاکستان کے ابرار احمد نے امارات کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ لی۔
یو اے ای کی شکست کے بعد افغانستان نے بھی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
شارجہ میں پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کے درمیان جاری سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔